ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان) ڈیرہ غازی خان شہر میں فروخت کے لیے لایا جانے والا مردہ جانور کا چھ من وزنی گوشت ضبط کر لیا گیا۔ کارروائی میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ضبط شدہ گوشت ضلعی انتظامیہ، پنجاب فوڈ اتھارٹی اور محکمہ لائیو اسٹاک کی نگرانی میں دریائے سندھ میں تلف کر دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر نذر حسین کورائی کے مطابق اطلاع ملنے پر یارو روڈ پر کارروائی کی گئی، جہاں سے مضر صحت گوشت برآمد ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس تھانہ صدر نے تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

نذر حسین کورائی نے مزید کہا کہ شہریوں کو صاف، حلال اور معیاری گوشت کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو صحت بخش خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ کارروائی کمشنر اشفاق احمد چوہدری اور ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔

Shares: