وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے پہلے اسکلز ایمپیکٹ بانڈ کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جدید ماڈل نوجوانوں کو ہنر مند اور روزگار کے قابل بنانے کے لیے نجی سرمایہ کاری کو راغب کرے گا، جو ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق، وزیراعظم کی زیر صدارت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے سے متعلق روڈمیپ پر جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں مختلف سرکاری اداروں کی اب تک کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوجوان قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، جنہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم اور ہنر فراہم کر کے ملک کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے ہدایت دی کہ پاکستان اور بیرون ملک موجود روزگار کے مواقع پر مبنی جامع روڈمیپ تیار کیا جائے اور ہر دو ماہ بعد اس پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو ایسی تربیت دی جائے جو ان کے لیے عملی زندگی میں مددگار ہو اور جس سے وہ نہ صرف ملک میں بلکہ بیرون ملک بھی بہتر روزگار حاصل کر سکیں۔
وزیراعظم نے بیرون ملک روزگار حاصل کرنے کے لیے مقامی زبانوں کی تربیت کے مواقع فراہم کرنے، ڈیجیٹل یوتھ حب پر روزگار کی آگاہی مہم چلانے اور ہنر مند افراد کی تیاری کو ترجیح دینے کی ہدایات بھی جاری کیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے نوجوانوں کے لیے روزگار اور ہنر کی فراہمی سے متعلق اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈیجیٹل یوتھ حب کے تحت اب تک 5 لاکھ سے زائد نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں، 17 لاکھ سے زائد ایپ ڈاؤن لوڈز ہو چکی ہیں، جب کہ 500 سے زائد کمپنیاں اور 500 سے زائد سرکاری و نجی ادارے، بشمول اقوام متحدہ، پورٹل سے منسلک ہو چکے ہیں۔
اس وقت ڈیجیٹل یوتھ حب پر پاکستان میں 47 ہزار اور بیرون ملک ایک لاکھ سے زائد ملازمتوں کے مواقع موجود ہیں، جب کہ 2 ہزار سے زائد اسکالرشپ پروگرامز بھی دستیاب ہیں۔ وزیراعظم نے ان اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور مزید بہتری کی ہدایت کی۔
نیو میکسیکو کی یونیورسٹی میں فائرنگ، ایک شخص ہلاک، کیمپس بند
چلاس میں آلودہ پانی سے پیٹ کے امراض میں اضافہ
لیاری عمارت حادثہ: سعید غنی نے ذمہ داری قبول کر لی