سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری نے کہا ہے کہ ڈینگی فیور کی روک تھام کیلئے مچھروں کی افزائش گاہوں کا خاتمہ اور کمیونٹی موبلائزیشن نہایت ضروری ہے۔ تمام اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے دفاتر کو بھی مچھروں سے پاک رکھیں اور عوام میں شعور اجاگر کریں تاکہ صاف اور خشک ماحول کے ذریعے ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔
وہ ڈسٹرکٹ انسدادِ ڈینگی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر احمد ناصر، سی ای او ایجوکیشن مجاہد حسین علوی سمیت متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال 4 ہزار 695 مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے، جن میں سے 24 کیسز مثبت سامنے آئے۔
ایوب بخاری کا کہنا تھا کہ مثبت ہاٹ سپاٹس کی مسلسل نگرانی کی جائے اور ایس او پیز کے مطابق سپرے و لاروا سائیڈنگ یقینی بنائی جائے۔ اجلاس میں محکمہ صحت کی جانب سے 17 نومبر سے شروع ہونے والی 12 روزہ خسرہ و روبیلا مہم کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے دوران 6 ماہ سے 5 سال تک عمر کے 5 لاکھ 99 ہزار 193 بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔ اس مقصد کیلئے 136 فکسڈ اور 358 آؤٹ ریچ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔








