سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں ضلعی سطح پر گداگری، ٹریفک خلاف ورزیوں اور حادثات میں اضافے کے پیشِ نظر سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کرنل محمد عمیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے گداگروں اور ان کے گینگز کے خلاف ایک جامع اور مؤثر آپریشن شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس، ٹریفک پولیس اور محکمہ سماجی بہبود مشترکہ کارروائیاں کریں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ ماہ اکتوبر میں 142 بھکاری گرفتار ہوئے جبکہ 19 مقدمات درج کیے گئے، لیکن اصل نتائج رنگ لیڈرز کو پکڑے بغیر ممکن نہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ بھکاریوں کے روپ میں شرپسند عناصر دہشتگردی جیسی کارروائیاں بھی کر سکتے ہیں، اس لیے بھکاری مافیا کا خاتمہ ناگزیر ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق اکتوبر میں 15 بچے مختلف مقامات سے بھیک مانگتے ہوئے پکڑے گئے، جن میں سے 9 کو ان کے خاندانوں اور 6 کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک پولیس کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکل رکشوں کے خلاف بلا تاخیر کارروائی کریں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ رکشے ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے کے ساتھ ساتھ پھل و سبزی فروخت کر کے سڑکوں پر تجاوزات بھی پیدا کر رہے ہیں۔

انہوں نے میونسپل کارپوریشن کو احکام جاری کیے کہ ان رکشوں کو رکھنے کے لیے الگ جگہ مختص کی جائے اور رجسٹریشن کے بغیر کسی رکشے کو سڑک پر نہ چھوڑا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ صرف اکتوبر میں 14 ٹریفک حادثات میں 14 موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوئے، جبکہ اُن میں سے 13 افراد بغیر لائسنس کے موٹر سائیکل چلا رہے تھے۔
انہوں نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا۔

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سڑکوں پر بھیک مانگنے کی حوصلہ شکنی کریں اور مستحق افراد تک امداد پہنچانے کے لیے محکمہ سماجی بہبود سے رہنمائی حاصل کریں۔

Shares: