کندھ کوٹ،باغی ٹی وی(نامہ نگار مختیاراعوان)سندھ حکومت کے پیغام "پڑھے گا سندھ،بڑھے گا سندھ "کے تحت سکولوں میں داخلہ مہم جاری
تفصیل کے مطابق وزیر تعلیم سید سردار شاہ اور سیکریٹری تعلیم غلام اکبر لغاری کی ہدایت پر سندھ حکومت کے پیغام "پڑھے گا سندھ،بڑھے گا سندھ "کے تحت ڈپٹی کمشنر کشمور منور علی مٹھیانی کی سربراہی میں محکمہ تعلیم کی جانب سے داخلہ مہم ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر آفس سے گھنٹہ گھر تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا مقصد والدین اپنے بچوں کو زیادہ سے زیادہ اسکولوں میں داخل کرائیں تاکہ وہ تعلیم حاصل کر سکیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کشمور منور علی مٹھیانی،ڈی ای او سیکنڈری اور پرائمری ،آر ایس یو انچارج ظہیر احمد کوسو اور دیگر نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، سندھ حکومت نے سال 2022 کے لئے انرولمنٹ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ قومی نقصان ہے کہ ہمارے صوبہ سندھ کے بہت سے بچے اسکولوں میں داخل نہیں ہیں۔ تو آج ہی آئیں اور 5 سے 9 سال کی عمر کے تمام غیر رجسٹرڈ بچوں کو اپنے علاقے کے قریبی سرکاری اسکولوں میں داخل کرائیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ ریلی میں وفاقی و صوبائی محکموں کے افسران، مختلف سکولوں کے اساتذہ اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

Shares: