کینیا کے جنوبی ساحلی علاقے کوالے کاؤنٹی میں ایک چھوٹا طیارہ المناک حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں سوار تمام 12 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

کینیا سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق حادثہ منگل کی صبح پیش آیا جب ایک نجی کمپنی کا چھوٹا طیارہ ٹیک آف کے چند منٹ بعد ہی زمین سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے فوراً بعد طیارے میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جس نے چند لمحوں میں پورے جہاز کو لپیٹ میں لے لیا۔کوالے کاؤنٹی کے کمشنر جولیئس کاریئوکی نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ طیارے میں سوار تمام 12 افراد غیر ملکی سیاح تھے۔ تاہم حکام ابھی تک ان کی شناخت اور قومیت کا تعین کرنے میں مصروف ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے مقام پر ریسکیو ٹیمیں پہنچ چکی ہیں مگر اب تک کسی بھی شخص کے زندہ بچنے کے آثار نہیں ملے۔

عینی شاہدین کے مطابق طیارے نے مقامی ہوائی پٹی سے پرواز بھری تھی اور کچھ ہی دیر بعد توازن کھو بیٹھا۔ اس کے بعد طیارہ جنگل کے علاقے میں جا گرا اور زور دار دھماکے کے ساتھ تباہ ہوگیا۔فائر بریگیڈ، پولیس اور مقامی ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر آگ پر قابو پا لیا ہے جبکہ لاشوں کی تلاش اور شناخت کا عمل جاری ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ تکنیکی خرابی بتائی جا رہی ہے، تاہم حتمی وجوہات جاننے کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

Shares: