اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) دھان کی باقیات کو آگ لگانے سے اسموگ میں اضافہ، شہری پریشان، متعلقہ اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ

اوچ شریف اور تحصیل بھر میں دھان کی باقیات کو جلانے کا سلسلہ جاری ہے، جس سے ماحولیاتی آلودگی اور اسموگ میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ شہری شدید تشویش کا شکار ہیں جبکہ متعلقہ ادارے اس صورتحال پر خاموش ہیں۔ عوام نے ڈپٹی کمشنر بہاول پور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، کسانوں کی جانب سے دھان کی باقیات کو جگہ جگہ جلایا جا رہا ہے، جو کالے دھویں کے ذریعے فضائی آلودگی کو بڑھا رہا ہے۔ یاد رہے کہ عدالت عالیہ نے فصلوں کی باقیات کو جلانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ اس آلودگی سے اسموگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس پر عوامی و سماجی حلقے پریشان ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ زراعت اوچ شریف کے عملے کی مبینہ ملی بھگت اور نااہلی کے باعث کسان کھلے عام ماحول کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

Shares: