سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) حکومت پنجاب نے سموگ کی بڑھتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان ڈویژنز کے تمام اضلاع میں آج سے مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈی جی ادارہ تحفظ ماحول، ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے اس حوالے سے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ پابندی 11 نومبر سے 17 نومبر تک نافذ رہے گی۔
فیصلے کے تحت تمام شاپنگ مالز، دکانیں اور ریسٹورینٹس رات 8 بجے بند ہوں گے جبکہ آؤٹ ڈور ڈائننگ پر بھی پابندی ہوگی۔ چاروں ڈویژنز میں آؤٹ ڈور فیسٹیولز اور کنسرٹس پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ تاہم، فارمیسز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، اور بیکریوں کو استثنیٰ حاصل ہوگا اور بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز کے گروسری ایریاز کو کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی۔ یہ اقدامات سموگ سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھنے کے پیش نظر کیے گئے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 (6) پنجاب ترمیمی ایکٹ 2024ء کے تحت ضلع سیالکوٹ میں فصلوں کی باقیات اور کوڑے کے جلانے، آتش بازی اور صنعتی آلودگی پھیلانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہو کر آئندہ 7 روز تک مؤثر رہے گا۔ ان اقدامات کا مقصد سموگ کی شدت کو کم کرنا اور عوام کو اس کے مضر اثرات سے بچانا ہے۔