سندھ کی ضلعی عدالتوں کے ججز اور عملے کو سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق مراسلہ جاری کردیا گیا۔

رکن انسپکشن ٹیم کے مرسلے میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے ضابطوں کی خلاف ورزی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، جوڈیشل افسران اور عملہ سوشل میڈیا کے استعمال میں نظم وضبط اور وقار کا خیال رکھے، سوشل میڈیا پرایسی کوئی سرگرمی نہ کی جائے جو ادارے کی بدنامی کا باعث بنے، جوڈیشل افسران اور عملہ سوشل میڈیا پردستاویز یا عدالتی کارروائی دکھانےسے پرہیز کریں، بغیراجازت خفیہ معلومات شیئر کرنا سندھ سول سرونٹس رولز کی خلاف ورزی ہے، زیرالتوا اور نمٹائے گئے مقدمات یا پالیسی معاملات سے متعلق پوسٹ یاکمنٹس سے اجتناب کیا جائے،جوڈیشل افسران و عملہ سیاسی، فرقہ وارانہ یاقابل اعتراض مواد شائع کرنے سے پرہیزکریں، ایسا مواد شیئر نہ کیاجائے جو شہرت کو نقصان پہنچانے یا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہو، توہین آمیز مواد شائع کرنے پر متعلقہ افسر کے خلاف انضباطی کارروائی کی جائے گی۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ جوڈیشل افسران اور عملہ آفیشل عہدے کو ذاتی تشہیر یا کاروباری فائدے کیلئے استعمال نہ کریں، جوڈیشل افسران اور عملے کو سوشل میڈیا پر نئے رابطے بنانے کے دوران محتاط رویہ رکھنا چاہیے، مفادات کے تصادم سے بچنے کیلئے نئے رابطوں میں احتیاط برتی جائے، ضلعی ججز یقینی بنائیں کہ ججز و عملے کی جانب سے ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جائے۔

Shares: