اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شیر افضل مروت نے شاہد آفریدی کے خلاف سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

باغی ٹی وی: سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں شیر افضل مروت نے کہا کہ شاہد آفریدی کے خلاف 9 مئی کو ایک مبینہ بیان کی وجہ مہم چلائی جارہی ہے، میں نے شاہد آفریدی کے خلاف مجھ سے منسوب چند بیانات دیکھے ہیں، اس لیے ہمیں جھوٹی خبروں کی تردید کرنی چاہیے-

انہوں نے کہا کہ مجھے شاہد آفریدی کی جانب سے ایسا کوئی بیان سامنے نہیں آیا اور ایسا لگتا ہے کہ کچھ عناصر ان کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں، میں جانتا ہوں کہ شاہد آفریدی عمران خان کیلئے ایک خاص احترام میں رکھتے ہیں اور شاہد آفریدی کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے میں ان لوگوں کا ہاتھ لگتا ہے جو ان کے ساتھ ذاتی اسکور طے کرنا چاہتے ہیں۔

شیر افضل مروت نے لکھا کہ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیموں سے گزارش ہے کہ شاہد آفریدی کے بارے میں اچھی باتیں پھیلائیں، ہمیں مستقبل میں پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے ہونے والے جھوٹے پروپیگنڈے پر بھی تیزی سے ردعمل ظاہر کرنے کی ضرورت ہے، افراد کے خلاف بدنیتی پر مبنی مہم میں نادانستہ شرکت کو جلد از جلد روک دیا جانا چاہیے، میں ذاتی طور پر تصدیق کرتا ہوں کہ شاہد آفریدی کے خلاف مہم جھوٹی اور فضول ہے اور مجھے اس پر دلی افسوس ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز عمران ریاض خان نے شاہد آفریدی پر طویل پوسٹ کرکے اس لفظی تکرار کا آغاز کیا، اپنی پوسٹ میں عمران ریاض خان نے کہا تھا کہ ’شاہد آفریدی کو قوم نے سر آنکھوں پر بٹھایا مگر انہوں نے ملک لوٹنے والوں سے لے کر مینڈیٹ چوری کرنے والوں تک کو مبارکبادیں دیں۔ لوگوں نے برادشت کیا مگر جب اپنی مقبولیت کی دھن میں مگن شاہد خان آفریدی نے پاکستان کے سب سے بڑے عوامی لیڈر پر کھل کر تنقید کرنا شروع کی تو لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔
https://x.com/ImranRiazKhan/status/1771132191130390950?s=20
عمران ریاض نے مزید لکھا کہ پاکستان میں شاہد آفریدی کی طرح ان سے کم تر اور ان سے بہتر بہت سے سٹارز موجود ہیں، جو آج بھی مختلف انداز میں خود کو عوام سے جوڑے ہوئے ہیں۔ ان سب کی بھی اپنی اپنی سیاسی سوچ ہے مگر ان میں سے کسی نے بھی عوام کی دل آزاری نہیں کی۔ مگر شاہد آفریدی کی نظریں شائد کسی اور ٹارگٹ پر مرکوز ہیں، عہدوں کے حصول کے لیے عزت داؤ پر لگانا ایک ہیرو کو زیب نہیں دیتا اگر بولنا ہی تھا تو شاہد آفریدی کو ظلم اور جبر کے خلاف بولنا چاہئے تھا تاکہ جن لوگوں نے اسے پیار دیا ان کی محبتوں کا حق ادا ہوتا، مگر لالہ نے ہمیشہ غلط شارٹ کھیل کر خود کو آؤٹ کروانے کی روایت برقرار رکھی۔

عمران ریاض کی اس پوسٹ پر شاہد آفریدی نے جواب دیا کہ ’لائک ریٹویٹ، ویوز وغیرہ کے چکر میں سچ اور جھوٹ میں فرق کرنا بہت مشکل ہوگیا ہے، ایک صحافی اور ٹرول میں یہ ہی فرق ہوتا ہے کہ صحافی تحقیق کرتا ہے، بہتان تراشی تو سب سے آسان کام ہے، آج بھی اپنی بات پر قائم ہوں کہ عمران بھائی میرے رول ماڈل تھے جنہیں دیکھ کر میں نے کرکٹ شروع کی ورنہ میں کرکٹر نہ ہوتا۔ جھوٹ اور پراپگینڈے کی وجہ سے نہ میرا مؤقف بدلے گا اور نہ ہی اس سے تحریک انصاف یا عمران خان کی کوئی خدمت ہو گی۔
https://x.com/ImranRiazKhan/status/1771206892317991375?s=20
جس پر عمران ریاض خان نے کہا کہ محترم شاہد آفریدی صاحب آپ کی مجبوری دیکھتے ہوئے آپ پر ترس آرہا ہے۔ کاش آپ میں ظلم کے خلاف بولنے اور سچ کا سامنا کرنے کی جرات ہوتی، کاش آپ چھوٹے موٹے دنیاوی فائدوں کے حصول کی بجائے اپنے اس مقام پر اکتفا کرتے جو اللہ تعالیٰ نے آپکو عوام کی نظروں میں عطا کیا،میں آج بھی مایوس نہیں ہوں امید ہے آپ ایک دن ضرور سمجھ جائیں گے-

Shares: