![](https://baaghitv.com/wp-content/uploads/2022/10/sun.jpg)
2022 کا دوسرا جزوی سورج گرہن آج بروز منگل 25 اکتوبر کو ہوگا جو پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں دیکھا جاسکے گا۔
باغی ٹی وی : جزوی سورج گرہن یورپ، شمالی افریقا، مشرق وسطیٰ اور ایشیا کے مختلف حصوں میں دیکھا جاسکے گا دنیا کے مختلف حصوں میں سورج گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 58 منٹ سے شروع ہوگا جبکہ 4 بجے عروج پر پہنچنے کے بعد شام 6 بج کر 2 منٹ پر اس کا اختتام ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں سورج گرہن کا آغاز 3 بج کر 43 منٹ پر ہوگا، 4 بج کر 50 منٹ پر عروج جبکہ 5 بج کر 22 منٹ پر اختتام ہوگا۔
اسی طرح لاہور میں 3 بج کر 49 منٹ پر آغاز، 4 بج کر 54 منٹ پر عروج اور 5 بج کر 20 منٹ پر اختتام ہوگا کراچی میں 3 بج کر 57 منٹ پر آغاز، 5 بج کر ایک منٹ پر عروج اور 5 بج کر 56 منٹ پر اختتام ہوگا۔
پشاور اور کوئٹہ میں بالترتیب 3 بج کر 44 منٹ پر سورج گرہن کا آغاز ہوگا جبکہ پشاور میں اس کا اختتام 5 بج کر 28 منٹ اور کوئٹہ میں 5 بج کر 51 منٹ پر ہوگا۔
دوسری جانب آج 25 اکتوبر کو ہونے والا جزوی سورج گرہن بھارت کی تمام ریاستوں میں نظر آئے گا بھارت میں توہم پرستی کی بنیاد پر اکثر و بیشتر مضحکہ خیز اور افسوسناک واقعات خبروں کی شہ سرخی بنتے ہیں، توہم پرستی پر مبنی ایک فیصلے کے بعد بھارتی ریاست اڑیسہ میں 25 اکتوبر کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
منظور پشتین کے خلاف دہشت گردی اور بغاوت کا مقدمہ درج
بھارتی خبر رساں ایجنسی این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ریاست اڑیسہ کی حکومت نے 25 اکتوبر کو سورج گرہن کی وجہ سے سرکاری سطح پر عام تعطیل کا اعلان کیا۔ اعلان کے مطابق تمام سرکاری دفاتر، اسکول، کالج، تعلیمی ادارے، عدالتیں، بینک اور دیگر مالیاتی ادارے بند رہیں گے۔
خیال رہے کہ سورج گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند گردش کرتے ہوئے زمین اور سورج کے درمیان آجاتا ہے جزوی سورج گرہن میں چاند سورج کے درمیان نہیں آتا بلکہ اس کے کچھ حصے کو ڈھانپ لیتا ہے اور زیادہ تر گرہن جزوی ہی ہوتے ہیں گرہن کے دوران سورج کو براہ راست کبھی مت دیکھیں کیونکہ اس سے بینائی کو مستقل نقصان پہنچ سکتا ہے۔
سن گلاسز سے بھی گرہن کو دیکھنے سے بینائی کو نقصان پہنچ سکتا ہے، گرہن کو دیکھنے کے لیے خصوصی فلٹر ہوتے ہیں جن کے بغیر اسے دیکھنے سے گریز کرنا چاہیے۔