لاہور میں سابق قومی کرکٹر کے کامران اکمل کے فارم ہاؤس سے 5 لاکھ روپے مالیت کا سولر سسٹم چوری ہوگیا۔
تھانہ ہیئر لاہور کے علاقے قتلے روڈ پر واقع ایک فارم ہاؤس میں چوری کی واردات رپورٹ ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس کے مطابق نامعلوم چوروں نے فارم ہاؤس کے کمروں کے کنڈے توڑ کر قیمتی سامان چوری کر لیا۔چوری کی واردات 15 مارچ 2025 کی صبح تقریباً 7:30 بجے کے قریب وقوع پذیر ہوئی۔ اطلاع دہندہ کاشف محمود ولد رشید، جو فارم ہاؤس میں کوچ کے طور پر کام کر رہے تھے، نے صبح آ کر دیکھا کہ فارم ہاؤس سے ایک عدد بیٹری (NIRADA)، ایک عدد سولر انورٹر (6KV) اور گاڑی کا سامان غائب تھا۔ چور نامعلوم تھے اور انہوں نے رات کی تاریکی میں واردات انجام دی۔
واردات کی اطلاع ملتے ہی سلطان محمود ایس آئی تھانہ ہیئر لاہور پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ شکایت گزار کی جانب سے ایک تحریری درخواست پولیس کو پیش کی گئی جس کی بنیاد پر دفعہ 457 اور 380 تعزیرات پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ چوری شدہ سامان میں ایک عدد بیٹری (NIRADA)،ایک عدد سولر انورٹر (6KV)،گاڑی کا سامان شامل ہے،چوری شدہ سامان کی کل مالیت: 500,000 روپے ہے،
مقدمہ درج کرنے کے بعد تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے شکایت درج کر کے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دی ہے۔ایس ایچ اوتھانہ ہیئر کو معاملے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور جلد از جلد مجرموں کی گرفتاری کے لیے کارروائی کا آغاز کیا جا چکا ہے۔