(باغی ٹی وی رپورٹس)آج 16 مئی کو ملک بھر کی طرح گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ڈیرہ غازی خان اور ننکانہ صاحب میں بھی "یوم تشکر” قومی جذبے اور فخر کے ساتھ منایا گیا، جس میں ضلعی، صوبائی و قومی سطح کی سیاسی، انتظامی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ اس دن کو افواجِ پاکستان کی جرات و قربانیوں پر اظہارِ تشکر کے طور پر منایا گیا۔

گوجرانوالہ میں کمشنر آفس میں مرکزی تقریب کا انعقاد ہوا، جہاں کمشنر، آر پی او، ڈپٹی کمشنر، اراکینِ اسمبلی، علما کرام، مسیحی برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہوئے۔ پرچم کشائی اور سلامی کی تقریب میں ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور پولیس کے چاک و چوبند دستے شامل تھے۔ تقریب کے اختتام پر کمشنر آفس میں کیک کاٹا گیا اور ریلی نکالی گئی جس میں افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

سیالکوٹ میں ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی زیرِ صدارت ڈی سی آفس کمپلیکس میں قومی پرچم لہرایا گیا، جس میں ممبرانِ اسمبلی، ضلعی افسران، ریسکیو، پولیس و دیگر محکموں نے شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوم افواج پاکستان کی شکر گزار ہے جنہوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ سکولز، کالجز میں تقاریب ہوئیں اور اہم عمارات پر چراغاں کا بھی اہتمام کیا گیا۔

ڈیرہ غازی خان میں یوم تشکر کی تقریبات پولیس لائنز اور ضلع کونسل ہال میں ہوئیں۔ آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن، کمشنر اشفاق چوہدری، ایم پی اے حنیف پتافی و دیگر نے شہداء کی فیملیز کے ساتھ شرکت کی۔ پولیس، جیل پولیس، بارڈر ملٹری پولیس اور ریسکیو کے دستوں نے سلامی دی، پھول پیش کیے گئے اور قومی ترانے گائے گئے۔ طلباء نے ملی نغمے اور خاکے پیش کیے۔ مقررین نے کہا کہ پاک فوج کی جرات نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، دشمن کو تاریخی شکست دی گئی، اور اب پوری دنیا پاکستان کی عسکری صلاحیت کی معترف ہے۔

ننکانہ صاحب میں ضلع کونسل ہال میں پرچم کشائی کے بعد ریلی نکالی گئی جو گوردوارہ جنم استھان تک پہنچی۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر، ڈی پی او ندیم عباس، سیاسی و سماجی شخصیات، اقلیتوں، تاجروں اور طلباء نے شرکت کی۔ ریلی میں پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ مقررین نے 10 مئی کے دن کو جرات و ہمت کی مثال قرار دیا اور "آپریشن بنیان مرصوص” کی کامیابی کو پاکستان کی عسکری تاریخ کا روشن باب قرار دیا۔

ملک گیر تقریبات کا مقصد شہداء کو خراج تحسین پیش کرنا اور افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار تھا۔ یوم تشکر کے ذریعے قوم نے یہ پیغام دیا کہ وطن عزیز کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے، اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Shares: