عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق تین روز میں فی تولہ سونا 7 ہزار 200 روپے مہنگا ہوگیا۔ آج ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہزار620 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ فی تولہ سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 3 لاکھ 25 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 389 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔نئی قیمت 2 لاکھ 78 ہزار 635 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔یاد رہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 10 ڈالر اضافے کے بعد 3014 ڈالر ہوگئی ہے۔
دوسری جانب عید الفطر پربچوں کو نئے کرنسی نوٹوں کی عیدی دینے کے لئے شہریوں کی بڑی تعداد نے اسٹیٹ بینک لاہور آفس کے باہر کا رخ کیا ، نئے کرنسی نوٹوں کی مانگ کو دیکھتے ہوئے منہ مانگے دام وصول کئے گئے ، چاند رات پر نرخ مزید بڑھ جائیں گے ۔نئے کرنسی نوٹ خریدنے کے لئے آنے والوں نے بتایا کہ 10 روپے والی نئے نوٹوں کی گڈی پراضافی 600 روپے مانگے جارہے ہیں اور 500 روپے تک وصول کئے جارہے ہیں.
20 روپے والی گڈی پر 800 سے 1000 روپے اضافی مانگے جارہے ہیں اور600 سے 700 تک وصول کئے جارہے ہیں، 50 روپے والی گڈی پر 1200سے 1500 روپے 100روپے والی نئے کرنسی نوٹوں کی گڈی 1800 سے 2000 روپے اضافی مانگے جارہے ہیں۔نئے کرنسی نوٹ فروخت کرنے والوں نے قیمتیں بڑھنے کے بارے میں بتایا کہ طلب زیادہ ہے جبکہ سپلائی کم مل رہی ہے جس کی وجہ زیادہ قیمتیں دے کر خریدنے پرمجبور ہیں ۔ چاند رات کو قیمتوں میں مزید 200سے 500روپے تک اضافہ ہو جائے گا ۔