ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 4 ہزار 100 روپے کی کمی ہو گئی۔
آل سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق جمعرات کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 4100 روپے کمی کے بعد فی تولہ سونا 3 لاکھ 84 ہزار روپے کا ہوگیا ہے،اسی طرح، 24 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت بھی 3515 روپے کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 29 ہزار 2181 روپے ہوگئی جب کہ 10 گرام 22 قیراط سونے کی قیمت 3 لاکھ 5 ہزار 16 روپے سے کم ہوکر 3 لاکھ 1794 روپے ہوگئی۔
فی تولہ چاندی کی قیمت 32 روپے کمی کے بعد 4 ہزار 326 اور 10گرام چاندی کی قیمت 28 روپے کمی کے بعد 3 ہزار 708 روپے ہو گئی۔
گزشتہ روز سونے کی قیمت میں استحکام رہا۔ تاہم دو روز سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا منگل کو سونے کی فی تولہ قیمت 4 ہزار 100 روپے اضافے کے بعد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی،پیر کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 6 ہزار 100 روپے کا اضافہ ہوا،جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار 514 روپے کا اضافہ سامنے آیا تھا۔ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخ میں 41 ڈالر فی اونس کا اضافہ ہوا تھا۔
رواں کاروباری ہفتے کے دوران سونے کی قیمت میں 10 ہزار 2 سو روپے کا اضافہ ہوا۔








