جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ کے قریب واقع ایک قصبے میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے ہوٹل پر فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسلح افراد نے اچانک ایک ہوٹل پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے باعث ہوٹل میں موجود افراد میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں کئی افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد تقریباً 12 تھی، جو ایک سفید منی بس اور ایک سلور رنگ کی سیڈان گاڑی میں سوار ہو کر آئے تھے۔ ملزمان نے واردات کے بعد موقع سے فرار ہو کر علاقے کو چھوڑ دیا۔پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔








