ننکانہ صاحب، باغی ٹی وی (نامہ نگار احسان اللہ ایاز)معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیز مینجمنٹ سلمیٰ بٹ نے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا اور ضلع میں جاری حکومتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے سستے رمضان سہولت بازار کا دورہ کیا اور بہترین انتظامات پر ڈی سی ننکانہ اور ان کی ٹیم کی تعریف کی۔ انہوں نے رمضان بازار میں موجود خریداروں سے اشیاء کے معیار اور قیمتوں کے بارے میں دریافت کیا، جس پر شہریوں نے کم قیمتوں پر اشیاء ضروریہ کی وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنانے پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر سلمیٰ بٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے سستے رمضان سہولت بازاروں میں ضروریات زندگی کی تمام اشیاء سستے داموں فروخت کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب پنجاب کا واحد ضلع ہے جہاں کے رمضان بازار میں 200 سے زائد اشیاء پر سبسڈی دی جا رہی ہے۔ پنجاب کے رمضان بازاروں میں روزانہ 5 لاکھ سے زائد شہری وزٹ کر کے سستی اشیاء خرید رہے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پنجاب بھر میں ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں اور رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی گراں فروشی کرنے والوں کے کاروبار کو غیر معینہ مدت کے لیے سیل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف پنجاب بھر کی انتظامیہ متحرک ہے۔

سلمیٰ بٹ نے مزید کہا کہ اشیاء ضروریہ کی طلب اور رسد کو پورا کرنا حکومت اور انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے۔ حکومت اور انتظامی ادارے مل کر بہتر سپلائی چین کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء ضروریہ کی قیمتیں امپورٹ کی وجہ سے قابو میں نہیں آتی تھیں، موجودہ حکومت نے اس پر بھی قابو پا لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے اور موجودہ حکومت کی بہترین حکمت عملی سے مہنگائی میں خاصی کمی واقع ہوئی ہے جس سے عام آدمی کے حالات بہتر ہو رہے ہیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شرینہ جونیجو، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ وجیہہ ثمرین سمیت دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔

Shares: