لنڈی کوتل میں خصوصی افراد نے عوامی نمائندوں،سرکاری اداروں سے اپنے حقوق دینے کا مطالبہ کیا ہے

لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) خصوصی افراد نے عوامی نمائندوں،سرکاری اداروں سے اپنے حقوق دینے کا مطالبہ کیا ہے

خصوصی افراد کیلئے جمرود اور باڑہ کی طرح لنڈی کوتل میں بھی آفس بنایا جائے، ہمیں مخصوص کوٹہ پر بھرتیوں میں اعتماد میں لیا جائے کیونکہ ابھی تک ہم میں سے کسی کو میرٹ پر بھرتی نہیں کیا گیا، ہمارے حقوق ہڑپ کرنے والوں کا احتساب کیا جائے، خصوصی افراد کابینہ مشران کا مطالبہ

لنڈی کوتل ڈس ایبل ویلفیئر آرگنائزیزیشن کے صدر قاری انور جمال، جنرل سیکرٹری شاہ فہد اور آفس سیکرٹری نے لنڈی کوتل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لنڈی کوتل میں خصوصی افراد کی تعداد 1800 سے تجاوز کر چکی ہے لیکن ہمارے بنیادی مسائل سے حکومت چشم پوشی کر رہی ہے ہماری تنظیم کو رجسٹرڈ کیا جائے ہمارا سرکاری کوٹہ 2 فیصد پر عمل درآمد کرکے سرکاری نوکریاں دی جائے ہمارے لئے تعلیمی اور ٹیکنیکل سنٹر بنائے جائیں تاکہ معاشرے میں باعزت روزگار کے مواقع ملیں ۔

ہمیں بیت المال سے وظیفہ اور زکواة فنڈز میں حصہ دیا جائے جمرود اور باڑہ تحصیل کے معذوران کی طرح ہمیں بھی آفس دیا جائے تاکہ ہم اپنے حقوق کے حصول کیلئے اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں ۔

Comments are closed.