پشاور(باغی ٹی وی رپورٹ) ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم نے ریگی للمہ کے نیک آباد گاؤں میں اسپورٹس گراؤنڈ کا افتتاح کر دیا۔ اس گراؤنڈ کا مقصد نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا، سماجی برائیوں کا خاتمہ اور منشیات کے استعمال کے خلاف شعور بیدار کرنا ہے۔

افتتاحی تقریب میں مقامی عمائدین، اسپورٹس سے وابستہ افراد، نوجوانوں، سرکاری افسران اور مقامی حکومت کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈی سی پشاور نے والی بال اور بیڈمنٹن کے کھلاڑیوں میں کھیلوں کا سامان تقسیم کیا اور ان پر زور دیا کہ وہ محنت سے کھیلیں اور دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں۔

ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے پشاور میں 100 اسپورٹس گراؤنڈز بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے، جن میں سے 32 گراؤنڈز حالیہ مہینوں میں مکمل کیے جا چکے ہیں۔ باقی گراؤنڈز کے لیے زمین کے مالکان سے بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کو منشیات اور دیگر منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں مدد دیتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت مند مقابلے نہ صرف نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں بلکہ انہیں نظم و ضبط اور ٹیم ورک بھی سکھاتے ہیں۔

ڈی سی پشاور نے زمین کے مالک شاہین شاہ آفریدی کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے بغیر کسی مالی مفاد کے اسپورٹس گراؤنڈ کے لیے پانچ سال کے لیے زمین فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقی سماجی خدمت کی ایک مثال ہے۔

شاہین شاہ آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف مائل کرنا ان کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے سابق ضلعی ممبر اسد خان شنواری اور ڈپٹی کمشنر پشاور کی درخواست پر یہ زمین فراہم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر کمیونٹی کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے کام کریں گے تاکہ منشیات اور دیگر سماجی برائیوں کے خلاف جنگ جاری رکھی جا سکے۔

Shares: