سری لنکا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور منتظم ڈی ایس ڈی سلوا انتقال کر گئے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ای ایس ڈی سلوا کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے،کرکٹ بورڈ کے مطابق ڈی ایس ڈی سلوا کا شمار ان کھلاڑیوں میں ہوتا تھا جنہوں نے سری لنکن کرکٹ کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ڈی ایس ڈی سلوا نے 1982 میں سری لنکا کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کیا اور وہ اس تاریخی ٹیم کا حصہ تھے جس نے ملک کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا، سری لنکن کرکٹ اس دور میں بین الاقوامی سطح پر اپنی پہچان بنانے کی جدوجہد کر رہی تھی اور ڈی ایس ڈی سلوا جیسے کھلاڑیوں نے اپنی کارکردگی اور عزم سے ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
https://x.com/OfficialSLC/status/2000854118315745636
انہوں نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 12 ٹیسٹ اور 41 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں سری لنکا کی نمائندگی کی بطور آل راؤنڈر ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گاوہ میدان میں نظم و ضبط اور کھیل کے تئیں سنجیدہ رویے کے لیے مشہور تھے ساتھی کھلاڑیوں اور کوچز کے مطابق ڈی ایس ڈی سلوا نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک مثال تھے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ڈی ایس ڈی سلوا سری لنکن کرکٹ سے وابستہ رہے اور انتظامی امور میں اہم کردار ادا کیا، وہ 2009 سے 2011 تک سری لنکا کرکٹ کے عبوری ایڈمنسٹریشن کے چیئرمین رہے، اس دوران انہوں نے بورڈ کے انتظامی ڈھانچے کو مستحکم کرنے اور کرکٹ کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کیے۔
سری لنکا کرکٹ بورڈ، سابق اور موجودہ کرکٹرز سمیت کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے ڈی ایس ڈی سلوا کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ ڈی ایس ڈی سلوا کا انتقال سری لنکن کرکٹ کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔








