سیالکوٹ ،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ضلع سیالکوٹ کے چینی، دالوں، گھی اور چکن سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کے ہول سیل ڈیلروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی طلب میں اضافہ ہو جاتا ہے اور صارفین کو اشیائے خوردونوش کی کنٹرول ریٹ پر بلا تعطل فراہمی ضلعی انتظامیہ اور ہول سیل ڈیلروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد پر صوبہ اور ضلع کی سطح پر نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاکسٹ کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مصنوعی قلت یا بحران پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے ہول سیل ڈیلروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دالوں کی امپورٹ سے لے کر مین منڈیوں تک پہنچ اور وہاں سے ڈیلروں اور پرچون فروشوں کے ہاتھوں سے ہوتے ہوئے صارفین تک پہنچنے تک قیمتوں کے تعین تک ہر مرحلے میں انتظامیہ نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب منڈیوں میں طلب و رسد کے نظام کو فول پروف بنانے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی ٹیکنالوجی کو استعمال میں لانے جا رہی ہیں، جس سے طلب کے مطابق بروقت امپورٹ اور ضرورت سے زائد اجناس کی ایکسپورٹ کے لیے درست اعداد و شمار اور بروقت پالیسیاں مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔