سیالکوٹ (بیورچیف خرم میر)آل محنت کش لیبر فیڈریشن سیالکوٹ کے زیر اہتمام لیبر افسران کی اعلیٰ کارکردگی اور خدمات کے اعتراف میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جو سرجیکل انسٹرومنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (سیماپ) کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔

تقریب کی صدارت صدر آل محنت کش لیبر فیڈریشن سیالکوٹ نیاز احمد ناجی نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض ممبر انسداد انسانی تجارت و سمگلنگ نگران کمیٹی حکومت پنجاب عبدالشکور مرزا نے انجام دیے۔

تقریب میں ڈائریکٹر پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن سیالکوٹ/نارووال اظہر عباس گوندل، ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر ضلع سیالکوٹ محمد طیب ورک، سابق ڈائریکٹر وحید ڈار، سیکرٹری لیبر فیڈریشن میاں محمد اقبال، مزدور رہنما محمد علی بٹ، چوہدری محمد اشرف، ڈاکٹر محمد عدنان و دیگر سماجی و مزدور رہنماؤں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

تقریب میں افسران کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا اور یادگاری شیلڈز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اظہر عباس گوندل نے کہا کہ ورکرز کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے گی، کیونکہ “ورکر ہے تو صنعت ہے، اور صنعت ہے تو ملک کی معیشت ہے”۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں سب سے زیادہ ریونیو جمع کرانے والے ادارے کو سہولیات بھی اسی نسبت سے ملنی چاہئیں، اور ہم اس مقصد کے لیے کوشاں ہیں۔

تقریب میں وحید ڈار کی ریٹائرمنٹ پر انہیں خصوصی طور پر الوداعی پارٹی دی گئی اور ان کی خدمات پر بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب کے اختتام پر میاں محمد اقبال کی جانب سے مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔

Shares: