سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ، صبا اصغر علی نے عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے کمپلینٹ مینجمنٹ سیل کو مزید فعال بنا دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں شہریوں کی شکایات سننے کے دوران کہی۔
ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر شہریوں کی مختلف محکموں سے متعلق شکایات سنیں اور متعلقہ افسران کو فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ کمپلینٹ سیل میں موصول ہونے والی ہر شکایت کا باقاعدہ ریکارڈ رکھا جاتا ہے اور شکایت کنندہ کو اس پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عوامی اعتماد کو مضبوط بنانا ہے۔
صبا اصغر علی نے مزید بتایا کہ شہری اپنی شکایات بذریعہ فون بھی درج کروا سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ہیلپ لائن 1718 پر کال کر کے شکایات کا اندراج ممکن بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیل عوامی سہولت کے لیے ہر وقت دستیاب ہے اور ضلعی انتظامیہ شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔