سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے سیالکوٹ کے نشیبی علاقوں کا دورہ کیا اور رنگ پورہ چوک پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کی تاریخ میں کبھی اتنی زیادہ بارش ریکارڈ نہیں ہوئی۔ صرف ایک دن میں 405 ملی میٹر اور رات کے وقت مزید 110 ملی میٹر بارش سے شہر میں ایمرجنسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ سیالکوٹ اس وقت ایک قدرتی آفت کا سامنا کر رہا ہے لیکن حکومتی اقدامات میں کسی قسم کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا ریلیف حکومت کی پہلی ترجیح ہے، جہاں بھی سیلاب یا خطرہ ہے وہاں سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ لوگوں کے نقصان کا ازالہ حکومت کرے گی کیونکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی ہیں۔

میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم دن رات کام کر رہا ہے اور نکاسی آب و ریلیف کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک نالہ ایک میں پانی کے بہاؤ کا نظام معمول پر نہیں آتا، نشیبی علاقوں میں پانی موجود رہے گا، تاہم ریلیف ٹیمیں مسلسل سرگرم ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ضلعی انتظامیہ، واسا اور میونسپل کارپوریشن کی ٹیمیں گزشتہ 48 گھنٹوں سے فیلڈ میں مصروف ہیں اور شہریوں کو پانی سمیت بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر ریلیف سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔

Shares: