سیالکوٹ ، باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر مدثر رتو )رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سرکاری سکولوں میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے پُر عزم ہیں۔ انہوں نے گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکول بٹر میں میٹرک کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں میڈلز، تعریفی اسناد اور یونیفارم تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔

محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ مفت تعلیم، کتب، لیپ ٹاپ اور اعلیٰ تعلیم کے لیے اربوں روپے کے تعلیمی وظائف اور نوجوانوں کو کاروبار کے لیے بلا سود قرضوں کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے سکول کی طالبات کی شاندار کارکردگی کو اساتذہ کی محنت کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے سکول کی توسیع کے لیے مجوزہ سرکاری زمین کو سکول کے نام منتقل کرنے کا وعدہ کیا اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اسی جذبے سے طالبات کو تعلیم دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک عورت کو تعلیم دینا ایک خاندان کو تعلیم دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے خواتین کو باصلاحیت اور بہادر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ملک و قوم کو مایوس نہیں کیا۔ تقریب میں سٹی صدر پی ایم ایل این ویمن ونگ نصرت جمشید، مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما چودھری نثار احمد، سی ای او ایجوکیشن مجاہد حسین علوی اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

Shares: