سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہد ریاض) عید تعطیلات کے دوران ریسکیو 1122 نے 530 مختلف ایمرجنسی کالز پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے 508 قیمتی جانیں بچائیں۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایت اور ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ فواد کی زیر قیادت، ریسکیو 1122 ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی نگرانی میں ہائی الرٹ رہا۔ عید تعطیلات کے دوران ریسکیو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کو 3403 کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 530 ایمرجنسی کالز تھیں۔ ان ایمرجنسی کالز میں 244 سڑک حادثات، 14 جرائم کے واقعات، 12 آگ لگنے کے واقعات، 197 طبی ایمرجنسیز، 1 ڈوبنے کا واقعہ، 1 عمارت گرنے کا واقعہ اور 61 جانوروں کو ریسکیو کرنے جیسے آپریشنز شامل تھے۔
ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 244 زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور 264 متاثرین کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کیا۔ مختلف ایمرجنسیز میں 14 افراد موقع پر یا ہسپتال منتقلی کے دوران وفات پا گئے، جبکہ 1 شخص مچھلیوں کے تالاب میں ڈوب کر اور 6 افراد سڑک حادثات میں جان کی بازی ہار گئے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے مزید بتایا کہ عید تعطیلات کے دوران ریسکیورز نہروں، تفریحی مقامات اور ہیڈ مرالہ پر بھی ڈیوٹی انجام دیتے رہے تاکہ حادثات کی صورت میں بروقت کارروائی کر کے قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔ اس کے علاوہ، عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ریسکیو 1122 نے چاند رات اور نماز عید کے اجتماعات میں بھی ڈیوٹی انجام دی۔ ریسکیو ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ کی سربراہی میں ریسکیو محافظین بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہے۔