سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)حکومت پنجاب نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیشن اتھارٹی (پیرا) ایکٹ 2024 کے تحت اہم انتظامی اقدام اٹھاتے ہوئے صوبہ بھر میں مختلف تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو پیرا کے سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسرز (SDEO) مقرر کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت ضلعی اور تحصیلی سطح پر انفورسمنٹ کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کے لیے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، پیرا کے دوسرے اجلاس مورخہ 31 مئی 2025 کی روشنی میں، اور پہلے جاری کردہ نوٹیفکیشن (مورخہ 17 دسمبر 2024) میں ترامیم کے بعد، تمام اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز جنرل (ADC-G) کو پیرا ایکٹ کی سیکشن 16، 17 اور 18 کے تحت ہیئرنگ آفیسر نامزد کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہر تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر کو پیرا کا ایکس آفیشیو سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر مقرر کر دیا گیا ہے۔
ضلع سیالکوٹ میں ہونے والی اہم تعیناتیاں درج ذیل ہیں:
* تحصیل سیالکوٹ: اسسٹنٹ کمشنر، سیالکوٹ
* تحصیل پسرور: اسسٹنٹ کمشنر، پسرور
* تحصیل ڈسکہ: اسسٹنٹ کمشنر، ڈسکہ
* تحصیل سمبڑیال: اسسٹنٹ کمشنر، سمبڑیال
ان تمام تحصیلوں میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سیالکوٹ (ADC-G) کو پیرا ایکٹ 2024 کے تحت ہیئرنگ آفیسر نامزد کیا گیا ہے۔
اس فیصلے کا مقصد پیرا اتھارٹی کو ضلعی و تحصیلی سطح پر مؤثر بناتے ہوئے عوامی شکایات کا فوری ازالہ کرنا، اور تجاوزات، ذخیرہ اندوزی، غیر قانونی تعمیرات اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔ اس سے نہ صرف ضلعی انتظامیہ کو انفورسمنٹ کے عمل میں تقویت ملے گی بلکہ عوام کو بھی فوری انصاف اور ریلیف میسر آئے گا۔