سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض) نہر اپر چناب میں نہاتے ہوئے دو نوجوان دوست ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ افسوسناک واقعہ تھانہ ہیڈ مرالہ کی حدود میں واقع گاؤں راول ککر کے قریب پیش آیا، جہاں 20 سالہ اذان اور 23 سالہ شہباز نہاتے ہوئے گہرے پانی کی لپیٹ میں آ کر ڈوب گئے۔ دونوں نوجوان قریبی گاؤں چک ہڑو کے رہائشی تھے اور آپس میں گہرے دوست بتائے جاتے ہیں۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور ریسکیو 1122 کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں کی تلاش کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا گیا۔ تاحال دونوں نوجوانوں کی لاشیں نہ مل سکیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہے اور اہل علاقہ بڑی تعداد میں نہر کنارے موجود ہیں۔
متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے ریسکیو آپریشن میں تیزی لائیں تاکہ بچوں کی لاشیں جلد از جلد نکالی جا سکیں۔