سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)کراچی کے بعد اب سیالکوٹ میں بھی ایک شہری پر اس کی فیملی کے سامنے تشدد کا لرزہ خیز واقعہ سامنے آ گیا۔ سرکلر روڈ پر ایک الیکٹرانکس کمپنی کے ریکوری ایجنٹ نے قسط کی ادائیگی میں تاخیر پر نوجوان کو راستے میں روک کر سرعام بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ نوجوان کے ساتھ موجود خواتین چیختی چلاتی رہیں، لیکن درندگی کی انتہا کرنے والے ریکوری ایجنٹ اور اس کے ساتھیوں نے ایک لمحے کو بھی رحم نہ کیا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی طارق محمود ڈھڈی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم حسیب کو کشمیری محلہ سے گرفتار کر لیا، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر تین ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

ڈی پی او فیصل شہزاد نے میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ کسی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔ متاثرہ شہری کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا اور ملزمان کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔ پولیس مظلوم شہری کی ہر ممکن مدد کرے گی تاکہ معاشرے میں قانون کی بالادستی قائم رہے۔

Shares: