ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی نیوز رپورٹر شاہد خان)بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مقامی دفتر میں سم ویلیڈیشن کے لیے آنے والی خواتین کے شدید رش کے باعث بھگدڑ مچنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں متعدد خواتین بے ہوش ہو گئیں۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مستحق خواتین کی بڑی تعداد ویلڈ اکاؤنٹ سم کی تصدیق اور دیگر دفتری کارروائیوں کے لیے دفتر پہنچی، جہاں جگہ نہ ہونے کے باعث ہجوم بے قابو ہو گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق صبح سے ہی سینکڑوں خواتین قطاروں میں موجود تھیں، تاہم عملے کی قلت اور محدود جگہ نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا۔ کچھ خواتین گرمی اور دھکم پیل کے باعث بے ہوش ہو کر گر پڑیں، جنہیں موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
انتظامیہ نے صورتحال کی سنگینی دیکھتے ہوئے فوری کارروائی کی اور اسی وقت BISP حکام نے اعلان کیا کہ خواتین کی سہولت اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ویلیڈیشن اور دیگر کارروائیوں کا کیمپ عارضی طور پر غازی پارک منتقل کر دیا گیا ہے۔
وسیع و عریض غازی پارک میں قائم نیا کیمپ زیادہ کھلی اور منظم جگہ فراہم کرے گا، جہاں سم ویلیڈیشن سمیت تمام عمل بہتر انداز میں مکمل کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق، اس اقدام کا مقصد رش کے باعث پیدا ہونے والے خطرات کم کرنا اور مستحق خواتین کو ایک محفوظ، پرسکون اور باوقار ماحول میں سہولت فراہم کرنا ہے۔








