لاہور: پاکستان ریلوے میں جعلی بھرتیوں کے کیس میں فراڈ میں ملوث اسٹیشن ماسٹر کو گرفتار کرلیا گیا۔
باغی ٹی وی: پولیس کے مطابق اسٹیشن ماسٹر لاہور افتخار علی کو ریلوے میں جعلی بھرتیوں کے فراڈ کیس میں گرفتار کرکے 4 روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے اور اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے ایس ایچ او کی تشکیل کی گئی ٹیم کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ریلوے میں جعلی بھرتیوں کے اسکینڈل کا انکشاف ہوا تھا، جس میں فرضی ڈیوٹیاں لگا کر لوگوں سے لاکھوں روپے لوٹے گئے تھے۔ سادہ لوح افراد کو ریلوے میں بھرتی کرانے کا جھانسہ دے کر ان سے لاہور ریلوے اسٹیشن،ڈیزل شیڈ اور دیگر مقامات پر فرضی ڈیوٹیاں بھی کرائی گئیں،اس کے علاوہ بھرتیوں کے بوگس لیٹر جاری کر کے لاکھوں روپے کی رقم بٹوری گئی ریلوے پولیس لاہور نے ملزمان ارسلان، افتخار احمد، اسٹیشن ماسٹر، کلرک اور پلیٹ فارم انسپکٹر عثمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا .ایک ماہ فرضی ڈیوٹیاں کرنے کے بعد تنخواہیں مانگنے پر فراڈ کا انکشاف ہوا۔