سابق وزیر اعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان (imran khan)کا کہنا ہے کہ عوام کی آزادی لے کر رہوں گا یا شہادت کے لیے تیار ہوں،اپنے مؤقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔
سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا کا خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ انصاف کے تمام دروازے بند کر دیئے گئے ہیں، عدالتوں میں کیسز نہیں سنے جارہے، عدالتی دروازے بند ہو چکے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ عوام اب سڑکوں پر آکر آواز بلند کریں، بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے اب عوام کے پاس احتجاج کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے،اپنے حقوق کیلئے نکلیں،تمام اسیران بالخصوص خواتین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سلمان اکرام راجا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری شروع کر دیں، اب ہمارے پاس اور کوئی آپشن نہیں،بانی پی ٹی آئی اپنی اہلیہ کی قید پر بھی نالاں تھے، بشریٰ بی بی کو ان کی اہلیہ ہونے پر جیل میں ڈالا گیا ہے، حکومتی ترجمان کے مطابق کہا گیا عمران خان کو ملاقاتوں کی اجازت دی گئی ہے جو سرا سر جھوٹ ہے، آج بانی پی ٹی آئی کی اپنے وکیل سلمان صفدر سے مختصر ملاقات ہوئی ہے، جب فیصلہ سنایا جا رہا تھا تب نہ بانی پی ٹی آئی کو پیش کیا گیا نہ اُن کے وکلا تھے۔








