ٹھٹھہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگاربلاول سموں) ٹھٹھہ پولیس کی جانب سے کامیاب کارروائیوں کے دوران لاکھوں روپے مالیت کے گمشدہ اور چوری شدہ 20 قیمتی موبائل فونز ٹریس کر کے اصل مالکان کو واپس کر دیے گئے۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کے احکامات پر انچارج ڈیجیٹل انویسٹیگیشن سیل اور ٹھٹھہ پولیس کے مختلف تھانوں نے یہ کارروائیاں کیں۔
مختلف اوقات میں چوری اور گمشدہ موبائل فونز کو برآمد کر کے ان کے اصل مالکان حسن علی جوکھیو، رمضان میمن، ذوالفقار جاکھرو، پرکاش کمار، جمعہ خان پٹھان، امجد اقبال، یوسف میرانی اور دیگر افراد کے حوالے کیا گیا۔
اس موقع پر ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان نے ڈیجیٹل انویسٹیگیشن سیل کی کارکردگی کو سراہا اور ٹیم کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چوری اور گمشدہ موبائل فونز کی روزانہ کی بنیاد پر تلاشی جاری رکھی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ فونز اصل مالکان کو واپس کیے جا سکیں۔
قیمتی موبائل فونز واپس ملنے پر مالکان نے ٹھٹھہ پولیس اور ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔