نارنگ منڈی (نامہ نگار محمد وقاص قمر) لاہور سے سیالکوٹ جانے والی لاثانی ایکسپریس پر کوٹ مولچند کے قریب شرپسند عناصر کی جانب سے شدید پتھراؤ کیا گیا، جس کے نتیجے میں قلعہ احمد آباد کا رہائشی بزرگ مسافر ظفر اقبال آنکھ پر پتھر لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق پتھر لگنے سے مسافر کا چہرہ لہولہان ہوگیا جبکہ بوگیوں پر بھی شدید نقصان پہنچا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس قسم کے واقعات معمول بن چکے ہیں،کبھی ٹرین کے انجن کو نشانہ بنایا جاتا ہے تاکہ ڈرائیوروں کو ہراساں کیا جا سکے، تو کبھی مسافروں پر گندگی سے بھرے شاپر، کیچڑ اور پتھر برسائے جاتے ہیں، جس سے متعدد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ انجن کے شیشے ٹوٹنے اور بوگیوں کو نقصان پہنچنے کے واقعات کے باوجود پاکستان ریلوے اور ریلوے پولیس کی جانب سے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔
گزشتہ روز کے واقعے میں زخمی ہونے والے بزرگ مسافر ظفر اقبال کو فوری طبی امداد دی گئی تاہم مسافروں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی اور آئی جی ریلوے پولیس رائے محمد طاہر سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کا فوری نوٹس لیا جائے اور ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔








