اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) نواحی علاقے خیر پور ڈاھا میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد شہریوں کے لیے مہلک خطرہ بن گئی ہے۔ ہر صبح اور شام لوگ گھر سے نکلنے میں خوف محسوس کر رہے ہیں، جبکہ گزشتہ شام ایک پاگل کتے نے فہد نامی معصوم بچے کو شدید زخمی کر دیا، جس نے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم کر دی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کے وقت گلیوں میں نکلنا محال ہو چکا ہے اور بچے کھیلنے تک نہیں جا سکتے۔ مقامی لوگوں نے اس صورتحال کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر فوری اور سخت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بڑے سانحے سے بچنا ممکن نہیں ہوگا۔
علاقہ مکینوں نے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کو فوری طور پر تلف کیا جائے اور شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے بلدیہ اور متعلقہ محکموں کی غفلت اور نااہلی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے کوئی عملی کارروائی نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے صورتحال دن بہ دن خراب ہو رہی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق محکمہ بلدیہ کی لاپرواہی اور انتظامیہ کی ناکامی کی وجہ سے آوارہ کتوں کی تعداد میں کوئی کمی نہیں آئی اور شہری اپنے روزمرہ کے معمولات بھی خوف کے عالم میں انجام دے رہے ہیں۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہو جائے گا۔







