ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں محرم الحرام کے دوران عزاداروں، مجالس اور ماتمی جلوسوں کے لیے مثالی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد خود انتظامات کی نگرانی میں پیش پیش ہیں اور ڈی پی او سید علی سمیت متعلقہ افسران کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لیے فول پروف سیکیورٹی، صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس کی مرمت، اور پانی و بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے منتظمین اور مقامی علماء کرام سے مسلسل رابطہ رکھا جائے اور ان کی مشاورت سے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔
سیکیورٹی کے حوالے سے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں، جب کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی پلان جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہنگامی طبی امداد کے لیے موبائل میڈیکل یونٹس اور ریسکیو ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے۔ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور انتظامات پر عملدرآمد کی خود نگرانی کی جائے گی۔