ڈسکہ: وکلاء کی اے سی اور پرائس مجسٹریٹ کے خلاف ہڑتال

سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض)ڈسکہ میں وکلاء کی اے سی اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کے خلاف ہڑتال، پنجاب بار کونسل کی حمایت

تفصیل کے مطابق ڈسکہ بار کے وکلاء نے اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ ماہم مشتاق اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ محمود جاوید کے خلاف ہڑتال کرتے ہوئے ان پر سنگین الزامات عائد کر دیے ہیں۔ پنجاب بار کونسل نے بھی ڈسکہ بار کی حمایت کرتے ہوئے مذمتی قرارداد منظور کر لی۔

ڈسکہ بار کے مطابق اے سی ماہم مشتاق اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ محمود جاوید کی کارروائیاں شہریوں کو بلیک میل کرنے اور رشوت وصول کرنے پر مبنی ہیں۔ بار کے عہدیداروں نے کہا کہ یہ افسران بیکریوں، پیٹرول پمپس، اور میرج ہالز کو غیر قانونی طور پر سیل کرکے رشوت وصول کرتے ہیں۔

پنجاب بار کونسل کی قرارداد میں اے سی ماہم مشتاق پر کرپشن، بداخلاقی اور شہریوں کو پریشان کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا کہ اے سی ڈسکہ نے کرپشن کی نئی تاریخ رقم کر دی ہے اور ان کی تعیناتی ڈسکہ کی بدنامی کا باعث ہے۔

پنجاب بار کونسل کے عہدیداران شمشاد احمد باجوہ، راحیل کامران چیمہ اور دیگر نے اس معاملے پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ماہم مشتاق کو فوری طور پر ڈسکہ سے تبدیل کیا جائے۔

قرارداد میں آئی جی پنجاب، کمشنر گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ، اور چیف سیکرٹری پنجاب سے درخواست کی گئی ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ڈسکہ بار کی اس ہڑتال سے عدالتی کارروائیاں معطل ہو چکی ہیں، اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ وکلاء کا کہنا ہے کہ ہڑتال مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔

Comments are closed.