کراچی:مشرقی وسطی بحیرہ عرب میں کم دباؤ بن گیا-
محکمہ موسمیات کے مطابقسسٹم شمال کی طرف بڑھ کر 24 گھنٹوں میں ڈپریشن کی صورت اختیار کر سکتا ہے کم دباؤ بننے کے سبب شہر میں معمول سے تیز سمندری ہوائیں چل پڑیں، ہواؤں کی رفتار 30.6 کلو میٹر (17 ناٹیکل مائل) فی گھنٹہ ریکارڈ ہو رہی ہے دوپہر کے بعد ہواؤں کی رفتار میں مزید اضافہ متوقع ہے اور زیادہ سے زیادہ رفتار 45 کلو میٹر (25 ناٹیکل مائل) تک تجاوز کر سکتی ہے شہر کے مضافاتی علاقوں میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنے کی بھی توقع ہے۔یہ سسٹم کراچی سے تقریباً 1075 کلومیٹر جنوب مشرق میں 16.4 شمالی عرض البلد اور 71.9 مشرقی طول البلد پر موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سسٹم ابتدائی طور پر شمال کی جانب بڑھنے کا امکان رکھتا ہے، تاہم پاکستانی ساحلی علاقوں کو فی الحال کوئی خطرہ لاحق نہیں صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، اور کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔
گزشتہ روز، محکمہ موسمیات کی جانب سے بیان جاری کیا گیا تھاکہ ہندوستان کےشمالی کرناٹک، گوا کےساحلوں سے دور موجود سائیکلونک گردش بحیرہ عرب تک پھیلی ہوئی ہے، اس کے زیراثر اسی علاقے میں کم دباؤ کا علاقہ بننے کا امکان ہے-
ماہرین موسمیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور صرف محکمہ موسمیات کی جاری کردہ معلومات پر بھروسہ کریں طوفان یا بارش سے متعلق کوئی بھی حتمی پیشگوئی سسٹم کے مزید قریب آنے کے بعد ہی کی جا سکے گی محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی اس سسٹم کی قریب سے نگرانی کر رہا ہے۔