ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ہونہار طالب علم فیضان رضا ایک دن کے لیے اعزازی ڈپٹی کمشنر مقرر
ننکانہ صاحب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک طالبعلم کو ایک دن کے لیے اعزازی ڈپٹی کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ لاہور بورڈ میں میٹرک امتحانات کے نتائج میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے گورنمنٹ ہائی سکول شاہکوٹ نمبر 1 کے ہونہار طالبعلم فیضان رضا کو ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی جانب سے یہ اعزاز دیا گیا۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق فیضان رضا نے آج اعزازی ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب کا چارج سنبھالا اور پورے دن ضلعی انتظامیہ کے مختلف امور کا جائزہ لیا۔ ضلعی افسران نے انہیں ضلعی نظم و نسق، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سروسز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں فیضان رضا، ان کے والدین، اساتذہ اور ضلعی افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے فیضان رضا کو لاہور بورڈ میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور انہیں ایک لاکھ روپے نقد انعام بھی پیش کیا۔ مزید برآں، انہوں نے اعلان کیا کہ فیضان رضا کے اساتذہ کو بھی ان کی محنت کے اعتراف میں آدھی تنخواہ بطور انعام دی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فیضان رضا نے نہ صرف ضلع ننکانہ بلکہ اپنے والدین اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی حکومت تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی تاکہ نوجوان نسل کو خدمتِ وطن کے لیے تیار کیا جا سکے۔