سکھر پولیس کی کامیاب کارروائیاں، 50 قیمتی موبائل فونز برآمد، اصل مالکان کے حوالے
سکھر، باغی ٹی وی (نامہ نگار) سکھر پولیس نے ایک اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے گمشدہ اور چوری شدہ 50 قیمتی موبائل فونز کو ٹریس کر کے اصل مالکان کے حوالے کر دیے۔
ایس ایس پی سکھر، اظہر خان کے احکامات پر انچارج ڈیجیٹل انویسٹیگیشن سیل سکھر اور سکھر پولیس کے مختلف تھانہ جات نے مختلف اوقات میں چوری اور گمشدہ موبائل فونز کو ٹریس کر کے ان کی برآمدگی کی کارروائیاں کیں۔ ایس ایس پی سکھر نے تمام برآمد موبائل فونز مالکان کے حوالے کردیے اور اس عمل کو سراہا۔
اس موقع پر ایس ایس پی سکھر نے ڈیجیٹل انویسٹیگیشن سیل کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ چوری اور گمشدہ موبائل فونز کی روزانہ کی بنیاد پر ٹریسنگ کی جائے اور زیادہ سے زیادہ موبائل فونز برآمد کرکے اصل مالکان تک پہنچائے جائیں۔
موبائل فونز کے مالکان نے ان کی قیمتی چیزیں واپس ملنے پر ایس ایس پی سکھر اور ان کی ٹیم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور پولیس کی کامیاب کارروائی پر خوشی کا اظہار کیا۔