سکھر (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری) سکھر میں عوام کی صحت کے ساتھ کھیلنے والوں کے خلاف فوڈ اتھارٹی اور سکھر پولیس کی مشترکہ کارروائی نے تہلکہ مچا دیا۔ شکارپور پھاٹک گولیمار روڈ پر اچانک چھاپے کے دوران مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والے منظم گروہ کو بے نقاب کر دیا گیا۔

کارروائی کے دوران پولیس اور فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے متعدد مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے۔ اس دوران
بڑی مقدار میں مردہ جانوروں کا سڑا ہوا اور بدبو دار گوشت،گوشت پیکنگ کا سامان،سپلائی میں استعمال ہونے والے تھیلے اور اوزارقبضے میں لیے گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ گروہ یہ خطرناک گوشت شہر کی مختلف قصاب مارکیٹوں، چھوٹے ہوٹلوں، سستے ڈھابوں اور گوشت کی دکانوں تک سپلائی کر رہا تھا۔

ذرائع کے مطابق یہ گروہ کافی عرصے سے شہر میں فعال تھا اور مردہ جانوروں کو ذبح خانوں سے باہر لے جا کر ممنوعہ طریقے سے فروخت کے قابل بنا کر مارکیٹ میں پہنچاتا تھا۔گروہ کے مبینہ کارندے سستے داموں مردہ جانور خرید کر انہیں پروسیسنگ کے نام پر صاف کرنے کے بعد صارفین کو دھوکے سے فروخت کرتے رہے۔

فوڈ اتھارٹی نے موقع سے حاصل کیے گئے گوشت کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں جہاں سے رپورٹ آنے پر مزید مقدمات درج کیے جائیں گے۔

پولیس حکام کے مطابق گروہ کے مزید افراد کی نشاندہی ہو چکی ہے اور مزید گرفتاریاں جلد متوقع ہیں۔پولیس ترجمان نے کہا کہ شہریوں کی صحت کے ساتھ کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
انہوں نے کہا:”مضرِ صحت، حرام شدہ اور مردہ جانوروں کا گوشت بیچ کر لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والوں کو سخت ترین سزاؤں کا سامنا کرنا ہوگا۔”

فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ جہاں کہیں مشکوک گوشت یا غیر معیاری فوڈ آئٹمز فروخت ہوتے دیکھیں، فوراً اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

یہ کارروائی سکھر میں غیر معیاری اور خطرناک خوراک کی فروخت کے خلاف بڑا قدم تصور کی جا رہی ہے جس سے شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے حکومتی اداروں کی کوششوں کو مزید تقویت ملی ہے۔

Shares: