سکھر (باغی ٹی وی ،نامہ نگار مشتاق لغاری) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع گھوٹکی کے صدر اور ضلع کاؤنسل کے وائس چیئرمین میر بابر علی خان لونڈ نے آج لغاری ہاؤس کا اہم دورہ کیا۔ ان کی آمد پر لغاری خاندان کے افراد نے ان کا شاندار استقبال کیا، جہاں حاجی نثار احمد لغاری، جمیل احمد لغاری، عبد العزیز لغاری، صدام لغاری سمیت دیگر دوستوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ان کا خیر مقدم کیا۔
دورے کے دوران میر بابر علی خان لونڈ اور لغاری خاندان کے افراد نے باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ ملاقات کے دوران سیاسی، سماجی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں گھوٹکی ضلع کے ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود، اور مستقبل کے منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔ میر بابر علی خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے اور پارٹی کی قیادت گھوٹکی ضلع کی ترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
میر بابر علی خان لونڈ نے حاجی نثار احمد لغاری کو حالیہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر خصوصی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے گھر کی زیارت ایک عظیم نعمت ہے اور اس موقع پر لغاری خاندان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس دوران لغاری خاندان کی جانب سے میر بابر علی خان کو یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔
میر بابر علی خان لونڈ کے ہمراہ ان کے قریبی ساتھیوں نے بھی لغاری ہاؤس کا دورہ کیا، جن میں ادا زاہد علی لونڈ، چاچو محمد علی شیخ، اور انجینئر علی حیدر شیخ شامل تھے۔ لغاری ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات کو علاقے کی سیاسی و سماجی حلقوں میں انتہائی اہمیت دی جا رہی ہے۔
ملاقات کے اختتام پر میر بابر علی خان لونڈ نے لغاری خاندان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس قسم کی ملاقاتیں نہ صرف باہمی تعلقات کو مضبوط کرتی ہیں بلکہ عوامی مسائل کے حل میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے عوام کے حقوق کے تحفظ کی ضامن رہی ہے اور گھوٹکی ضلع کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے مستقبل میں مل کر کام کرنے اور علاقے کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔








