سکھر: اوورلوڈ ٹریکٹر ٹرالیاں حادثات کا سبب، روڈ سیفٹی سیمینار منعقد

میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگارمشتاق علی لغاری)سکھرمیں قومی شاہراہ پر گنے سے بھری اوورلوڈ ٹریکٹر ٹرالیاں اکثر خطرناک حادثات اور عوام کے لیے مشکلات کا باعث بنتی ہیں۔ ایس پی موٹروے پولیس سکھر عبدالرزاق نے ڈہرکی شوگر مل میں منعقدہ روڈ سیفٹی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حد سے زیادہ لوڈنگ اور غیر محفوظ سفر کی روک تھام ضروری ہے۔

سیمینار ایڈیشنل آئی جی موٹروے پولیس منیر احمد شیخ اور ڈی آئی جی موٹروے پولیس سندھ اصغر علی یوسف زئی کی ہدایات پر منعقد کیا گیا، جس میں کاشتکاروں، مل انتظامیہ اور ڈرائیوروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈی ایس پی محمد ہمایوں برکی نے شرکاء کو روڈ سیفٹی کے اصولوں سے آگاہ کیا۔

ایس پی عبدالرزاق نے زور دیا کہ ٹریکٹر ٹرالیاں بائیں جانب سفر کریں، لائٹس اور فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں اور ڈرائیوروں کے پاس لائسنس ہونا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ موٹروے پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

سیمینار کے دوران شرکاء میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے اور درست جوابات دینے والوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ جی ایم ڈہرکی شوگر مل جاوید انور نے سیمینار کے انعقاد پر موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کیا اور مزید پروگرامز کی خواہش ظاہر کی۔ تقریب کے اختتام پر روڈ سیفٹی اسٹال کا دورہ کرایا گیا، جس میں شرکاء کو خصوصی دلچسپی لیتے دیکھا گیا۔

Comments are closed.