سکھر (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)پاکستان تحریک انصاف ضلع خیرپور میرس کی جانب سے آئی ایل ایف کے اشتراک سے کچہری روڈ سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جو ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے ’’عوامی حقوق کے تحفظ‘‘ اور ’’انصاف کی فراہمی‘‘ کے حق میں نعرے بلند کرتے رہے۔

مظاہرے کی قیادت جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی ضلع خیرپور نور حسین چانڈیو, آئی ایل ایف ضلع خیرپور کے صدر ایڈووکیٹ مجاہد حسین پھلپوٹو اور تحصیل خیرپور کے جنرل سیکرٹری عزیر دانش لاڑک نے کی۔

رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے بنیادی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔غیر منصفانہ رویوں، ناانصافی اور دباؤ کی سیاست کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔انصاف کی فراہمی ہر شہری کا آئینی حق ہے، کارکن کسی بھی جبر یا دھمکی کے سامنے نہیں جھکیں گے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج جمہوری معاشروں کی پہچان ہے اور پی ٹی آئی اپنے کارکنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ریلی پریس کلب پہنچ کر خطاب اور اجتماعی دعا کے ساتھ پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی۔

Shares: