سکھر (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی کی ہدایت پر سول ہسپتال کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کا آپریشن تیزی سے جاری ہے۔ کمشنر نے خود موقع پر پہنچ کر آپریشن کی رفتار، عملے کی کارکردگی اور مریضوں کی سہولت کو یقینی بنانے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن اور پرنسپل جی ایم ایم سی ڈاکٹر صالح چنہ بھی موجود تھے اور انہوں نے آپریشن کے دوران طبی خدمات کی روانی برقرار رکھنے کے لیے رہنمائی فراہم کی۔

اسسٹنٹ کمشنر سارہ فراز اور مختیارِ کار سکھر سٹی بابر بلو نے آپریشن ٹیم کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے تجاوزات کے خاتمے کے مراحل، متبادل پارکنگ اور مریضوں کے لیے مخصوص راستوں کو برقرار رکھنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آپریشن مرحلہ وار کیا جا رہا ہے تاکہ ہسپتال میں داخلہ اور ایمبولینس سروس متاثر نہ ہو۔

کمشنر عابد سلیم قریشی نے کہا کہ وہ مریضوں اور ایمبولینس کی رسائی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو انسانیت کے خیرخواہ قرار نہیں دیتے اور شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس مہم سے نہ صرف سول اسپتال کی سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ شہر کی مرکزی سڑکیں اور راستے عوام کے لیے کھلے، منظم اور محفوظ بن جائیں گے۔

اس آپریشن کے دوران متعلقہ محکموں نے ہدایات کے مطابق نوٹسز جاری کیے اور بعض غیرقانونی ڈھانچوں کو سیل یا ہٹانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے اور کہا گیا ہے کہ عارضی تجاوزات کو ہٹانے کے ساتھ مریضوں، معذور افراد اور ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے مخصوص راستے ہر صورت برقرار رکھے جائیں گے۔

ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کے بعد ہسپتال کے اطراف میں داخلے کے راستے، پارکنگ اور پیدل چلنے والوں کے لیے مناسب سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ مریضوں کو آسانی اور محفوظ طبی رسائی میسر ہو سکے۔

Shares: