مزید دیکھیں

مقبول

سکھر: کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس، تین پولیس اہلکار برطرف

سکھر(باغی ٹی وی نامہ نگار) کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس، تین پولیس اہلکار برطرف

سکھر میں پولیس کے اعلیٰ افسران کی جانب سے کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ نے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے واضح پالیسی احکامات کی روشنی میں ضلع سکھر کے تین اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی اقدامات اٹھائے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، سب انسپیکٹر عبدالرحمان کاکیپوٹو، ہیڈ کانسٹیبل ضمیر قاضی اور پولیس کانسٹیبل حضور بخش ملک پر کرپشن، غیر قانونی سرگرمیوں اور اختیارات سے تجاوز سمیت سنگین الزامات عائد تھے۔ ان الزامات پر ڈی آئی جی سکھر نے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سکھر رینج کے ایک سینئر آفیسر کو میرٹ کی بنیاد پر محکمہ جاتی انکوائری کا حکم دیا تھا۔

انکوائری آفیسر کی رپورٹ کا بغور جائزہ لینے کے بعد ڈی آئی جی سکھر نے اردلی روم کے دوران اہم فیصلے صادر کیے۔ سب انسپیکٹر عبدالرحمان کاکیپوٹو پر تمام الزامات ثابت ہونے پر انہیں میجر پنشمنٹ کے تحت ایک سال کی سروس سے برخاست کر دیا گیا۔ اسی طرح ہیڈ کانسٹیبل ضمیر قاضی پر بھی الزامات ثابت ہونے پر انہیں ایک سال کی سروس سے برخاست کرتے ہوئے تعلقہ پنو عاقل میں دوبارہ تعیناتی پر پابندی عائد کر دی گئی۔ تاہم، پولیس کانسٹیبل حضور بخش ملک کو تنبیہ کرتے ہوئے آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی۔

علاوہ ازیں، برطرف کیے گئے پولیس کانسٹیبل منصور پتافی کی نوکری پر بحالی کی اپیل منظور کر لی گئی جبکہ ایک اور برطرف کانسٹیبل جاوید احمد کلهوڑو کی بحالی کی اپیل مسترد کر دی گئی۔ ڈی آئی جی سکھر نے ایک انسپیکٹر اور چار اسسٹنٹ سب انسپیکٹرز کی تبادلوں کی درخواستوں پر بھی احکامات جاری کیے۔

اپنے پیغام میں ڈی آئی جی سکھر نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت، مجرمانہ سرگرمیوں، اختیارات سے تجاوز یا سماجی برائیوں میں ملوث افسران و اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے اور ان کے خلاف سخت ترین قانونی و محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان سخت اقدامات سے سکھر پولیس میں کرپشن کے خلاف ایک واضح پیغام دیا گیا ہے۔

ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانیhttp://baaghitv.com
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں