پاکستان کے معروف اسٹنٹ مین سلطان محمد گولڈن نےدور مقام سے ریورس ریمپ جمپ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
سلطان محمد گولڈن نے طویل فاصلے کی ریورس ڈرائیونگ کے بعد کامیابی کے ساتھ ریمپ جمپ مکمل کیا اور 121.72 فٹ کا شاندار جمپ لگا کردنیا کو حیران کردیااس سے قبل دور مقام سے ریورس ریمپ جمپ کا عالمی ریکارڈ 89 فٹ 3 انچ طویل تھا، جسے سلطان گولڈن نے نمایاں فرق سے توڑدیا،اس خطرناک اور تکنیکی اعتبار سے مشکل اسٹنٹ میں غیر معمولی مہارت، توازن اوراعصابی مضبوطی کا مظاہرہ کیا گیا۔
تقریب میں موجود شائقین اورماہرین نے سلطان محمد گولڈن کی کارکردگی کو بے مثال قرار دیا، سلطان گولڈن کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی محنت، مسلسل مشق اوراپنے ملک کا نام روشن کرنے کے جذبے کا نتیجہ ہےانہوں نے اپنے کوچ، ٹیم اوراہلِ خانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے رہیں گے، سلطان محمد گولڈن کے اس ریکارڈ نے پاکستان کا نام عالمی اسٹنٹ ریکارڈز میں ایک بار پھر نمایاں کر دیا ہے۔








