نوجوان نسل کے لیے پیارے رسول ﷺ کی سنہری سیرت

0
119
نوجوان نسل کے لیے پیارے رسول ﷺ کی سنہری سیرت

نام کتاب : نوجوان نسل کے لیے پیارے رسول ﷺ کی سنہری سیرت
مولف : عبدالمالک مجاہد
صفحات : 416
قیمت : 990روپے
ناشر : دارالسلام انٹر نیشنل ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، نزد لوئر مال لاہور
برائے رابطہ : 042-37324034
پیش نظر کتاب ” نوجوان نسل کےلئے پیارے رسول ﷺ کی سنہری سیرت “ عبدالمالک مجاہد کی نئی تالیف ہے ۔یہ کتاب کتب ِ سیرت میں ایک خوبصورت موتی کی طرح گرانقدراضافہ ہے ۔ موضوع جس قدر عظیم ہے عبدالمالک مجاہد نے اسی قدر بہتر طریقے سے اسے لکھنے کاحق ادا کیا ہے ۔ کتاب میں کوئی ایسا واقعہ نہیں جو بغیر سند کے مذکور ہویاجس کی صحت مشکوک ہو ۔ یہ کتاب آپ ﷺ کی حیات مبارک کو مختصر طور پر پڑھنے کی خواہشمند نوجوان نسل کے لئے لاجواب اور بےمثال تحفہ ہے ۔ کتاب مختصر ہونے کے باوجود سیرت النبی کے تمام پہلوﺅں کا مکمل احاطہ کرتی ہے اس میں نبی ﷺ کی مبارک زندگی کے تمام گوشے خوبصورت طریقے سے بیان کئے گئے ہیں ۔کتاب کااسلوب نہایت دلچسپ اورعام فہم ہے جوکہ بطور خاص نوجوان نسل کالجوں ، یونیورسٹیز اوردینی اداروں کے طلبہ وطالبات کے لئے نہایت مفید ہے۔ انداز بیاں میں سادگی اورروانی ہے تاکہ نوجوان نسل اسے دلچسپی سے پڑھے ۔ اس لئے کہ یہ محبوب الہیٰ کا تذکرہ ہے، جن کی تعریف وتوصیف خود آسمانے والے نے اپنی کتاب مقدس میں فرمائی ہے ، جو محبوب ملائکہ ہیں ، جو ایک لاکھ چوبیس ہزار کے امام و پیشوا ہیں ، جو ساقی کوثر ہیں ، جو سرداران جنت حسن وحسین کے نانا ہیں ،جو عفیفہ کائنات سیدہ عائشہ طاہرہ مطاہرہ کے شوہر ہیں اور سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کے باپ ہیں ۔ جب حضرت آدم علیہ السلام کو اللہ نے دنیا میں بسایا اس کے بعد بیشمار ادوار گزرتے چلے گئے تاآنکہ انسانی جذبات واحساسات نے تحریرکی شکل اختیار کی اول اول انسان نے پتھروں پر لکھنا شروع کیا تب سے اب تک اس دنیا میں جتنے ادور بھی گزرے، ان میں سے رسول ﷺ واحد ہستی ہیں کہ جن کی مبار ک زندگی پر سب سے زیادہ لکھا گیا ہے ۔ ادوار گزرے چلے جائیں گے، لکھنے والے لکھتے رہیں گے ، ان کے قلم ٹوٹ جائیں گے، سیاہیاں خشک ہوجائیں گی لیکن رسالت ماٰ ب ﷺ کی سیرت طیبہ کو لکھنے کا حق ادا نہیں کیا جاسکے گا ۔ سیرت طیبہ کے ہدی خوانوں میں عبدالمالک مجاہد بھی ہیں ۔وہ کہتے ہیں کہ ”پیارے رسول ﷺ کی سنہری سیرت “ میں تمام واقعات مستند اور صحیح ہیں ۔ یہ واقعات سیرت کی قابل اعتماد کتب سے نقل کئے گئے ہیں۔ قرآنی آیات ، احادیث اور دیگر عربی عبارات کے ترجمے کو لفظی ترجمے کی بجائے آسان ترین اوربامحاورہ ترجمے کی صورت میں لکھا گیاہے ۔کتاب اللہ کے نبی ﷺ کی روشن زندگی کے روشن اور سبق آموز واقعات پر مشتمل ہے جس کے مطالعہ سے ہم دین ودنیا کی کامیابیاں سمیٹ سکتے اوردنیا کو بھی انسانیت، امن ، سلامتی کاایک امیدافزا پیغام دے سکتے ہیں ۔
ارشاد احمد ارشد
 نوجوان نسل کے لیے پیارے رسول ﷺ کی سنہری سیرت

Leave a reply