لاہور: سنو نیوز کے لاہور دفتر کے ملازمین دو ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

ذرائع کے مطابق، کئی بار انتظامیہ سے تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے رابطہ کیا گیا لیکن ہر بار انہیں "اگلے ہفتے” کا وعدہ دیا جاتا رہا، مگر اس کے باوجود تنخواہیں نہیں ملیں۔ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ محنت اور وقت پر کام انجام دیتے ہیں مگر اس کے بدلے انہیں اپنی محنت کی کمائی نہیں ملتی۔ بجلی کے بل، بچوں کی فیسیں، گھروں کے کرائے، اور دیگر روزمرہ کے اخراجات کا بوجھ بڑھتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے وہ ذہنی اور مالی طور پر بے حد متاثر ہیں۔

سنو نیوز کے ایک ملازم نے، جو اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کر رہے تھے، باغی ٹی وی کو بتایا، "ہم بہت پریشان ہیں، سنو نیوز کی انتظامیہ سے کئی بار درخواست کی مگر کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔ کیا بلیو ورلڈ سٹی کی طرح سنو نیوز بھی کسی سیلابی ریلے کی نذر ہو رہا ہے؟ ہمیں سمجھ نہیں آتی کہ ہماری محنت کا صلہ ہمیں کیوں نہیں دیا جا رہا۔”

ملازمین نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سنو نیوز کے اس بحران پر توجہ دیں اور انتظامیہ کو ہدایت کریں کہ وہ فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائے تاکہ وہ اپنے گھریلو اخراجات پورے کر سکیں اور معاشی بدحالی سے نکل سکیں۔

سنو نیوز انتظامیہ اس خبر پر اپنامؤقف دینا چاہے تو من و عن شائع کیا جائےگا.

Shares: