پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب کے سابق وزیر قانون محمد راجہ بشارت نے سپریم کورٹ میں مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز نے بطور وزیر اعلیٰ اپنے اشتہارات میں ذاتی تشہیر کی ہے جو کہ عدالت کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ 22 ستمبر 2022 کو سپریم کورٹ نے سرکاری خزانے سے ذاتی تشہیر پر پابندی لگائی تھی، لیکن مریم نواز نے اس فیصلے کے باوجود ذاتی تشہیر کے لیے اشتہارات جاری کیے، جو کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔محمد راجہ بشارت کی درخواست میں یہ استدعا کی گئی ہے کہ مریم نواز کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیا جائے اور ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔
یہ درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی گئی ہے جس میں مریم نواز کے خلاف کارروائی کی اپیل کی گئی ہے۔ درخواست میں مریم نواز کے اشتہارات کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں اور ان پر الزامات عائد کیے گئے ہیں کہ انہوں نے اپنے سیاسی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے عدالتی فیصلے کو نظرانداز کیا۔








